منگلورو یکم مارچ (ایس او نیوز) منگلورو کے مضافاتی علاقے پیلی کولا میں واقع سائنس سنٹر میں ملک کے سب سے پہلے تھری ڈی پلانیٹوریم (فلک نما)کا افتتاح ریاستی وزیر برائے پلاننگ ، اسٹیٹسکس، سائنس اور ٹیکنالوجی ایم ایل سیتا رام کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔جس کا نام سوامی ویویکانندا تھری ڈی پلانیٹوریم رکھا گیا ہے ۔
مسٹر سیتارام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ایک لمبے عرصے سے چل رہے اس منصوبے کی تکمیل کے لئے انہوں نے اس کا اضافی بجٹ منظور کیاکیونکہ منگلورو تعلیم گاہوں کا مرکز ہونے کی وجہ سے اس قسم کے جدید سائنسی سنٹرکی بڑی اہمیت اور ضرورت کو انہوں نے محسوس کرلیا تھا۔ہمیں فخر ہے کہ منگلورو میں ملک کا سب سے پہلا تھری ڈی پلانیٹوریم موجود ہے۔
رکن اسمبلی جے آر لوبو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیلی کولا جیسے بنجر علاقے کو ترقی دینے کے لئے 1993سے تحریک چل رہی ہے اور2008 میں یہاں سائنس سنٹر کا قیام ہواتھا جبکہ گزشتہ بیس سال کی جدوجہد اور محنت سے تھری ڈی پلانیٹوریم کا منصوبہ آج حقیقت میں بدل گیا ہے۔ابتدا میں جب وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کی حکومت تھی تو اس نے اس منصوبے کے لئے 8کروڑ روپوں کا فنڈ منظور کیا گیاتھا۔جبکہ اس پر عمل درآمد کا مرحلہ آنے تک اس کا بجٹ 24کروڑ روپے ہوگیا جسے کانگریسی حکومت نے منظوری دیدی ۔ اس کے مزید 10کروڑ روپے کا اضافی فنڈ بھی ریاستی حکومت نے منظورکردیا جس کی وجہ سے اتنا شاندار پلانیٹوریم یہاں قائم ہوسکا۔مسٹر لوبو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب اس سنٹر سے جوڑنے والی سڑک کے 5کروڑ روپے اور پیلی کولا علاقے کی مجموعی ترقی کے لئے 4کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے نے خطاب کیااور یہاں کے عوام کو مبارکباد دی۔ وزیر سیتارام کی تہنیت بھی کی گئی۔رکن اسمبلی محی الدین باوا نے پلانیٹوریم کے بروشر کی رونمائی کی۔
کہا جاتا ہے کہ سوامی ویویکانندا تھری ڈی پلانیٹوریم ایشیاء میں اپنی طرز کا واحد پلانیٹوریم ہے اورپوری دنیا میں اس طرح کے صرف 21 پلانیٹوریم پائے جاتے ہیں۔اس سنٹر میں بیک وقت 170افراد کے بیٹھنے کا انتظام ہے ۔اس میں روزانہ 25منٹ دورانیے کے 6شو ہوا کریں گے جہاں شائقین کو دلچسپ اور دلکش فلکیاتی نظارے تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ساتھ دیکھنے کو ملیں گے ۔ فلکیاتی شو دیکھنے کے لئے ٹکٹ کا نرخ بڑوں کے لئے 60روپے اور بچوں کے لئے 25روپے ہوگا ۔ آن لائن ٹکٹیں بھی bookmyshow.com. سے بک کی جاسکیں گی۔